اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے غریب اور کم آمدن طبقے کے لئے منصوبے کی افادیت کے پیش نظر ٹائم لائنز متعین کرنے اورجلد آغاز کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیراعظم کو بتایاگیا ہے کہ حکومت پنجاب زمین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ابتدائی مرحلے میں سرمایہ فراہم کرے گی اور اگلے مرحلے میں مارٹگیج فنانسنگ کے تحت سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ، والٹن ائیر پورٹ کی منتقلی اور پنجاب کے چھوٹے شہروں کے اطراف میں وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے تحت عوام کو سستی رہائش کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر افسران شریک تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور سینئر افسران نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ راوی سٹی کے منصوبے میں کنسلٹنٹس سے مذاکرات اور ڈیزائن کے حوالے سے امور آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ اجلاس کو ویسٹ واٹر پلانٹ کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاروں کی کانفرنس کے جلد انعقاد کے حوالے سے اقدامات لئے جا رہے ہیں۔ شرکاء کو منصوبے میں اراضی کے حصول میں ہونے والی پیش رفت پر پر بھی آگاہ کیا گیا۔سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے اور والٹن ائیر پورٹ کی منتقلی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کی کمرشل، ریٹیل اور رہائشی زوننگ بین الاقوامی اعلی معیار کے تحت کی جا رہی ہے۔ بتایاگیاکہ تعمیرات کے حوالے سے ایک نئے تصور کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی افادیت کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام کے لیے یہ منصوبہ سماجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہے، منصوبے کی تکمیل سے عرصہ دراز سے غیر استعمال شدہ زمین پر معیاری تعمیرات سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔ اجلاس کو صوبہ پنجاب کے چھوٹے شہروں کے اطراف میں وزیراعظم کے ویڑن کے تحت کم آمدنی والے طبقے کو کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بتایاگیاکہ کم لاگت 3 سے 5 مرلہ گھروں کے یہ منصوبے ابتدا میں صوبہ کے 25 سے 27 اضلاع کے اطراف میں ہوں گے اور بعد ازاں ان کا دائرہ کار 87 مختلف لوکیشنز تک بتدریج بڑھایا جائے گا۔ حکومت پنجاب زمین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ابتدائی مرحلے میں سرمایہ فراہم کرے گی اور اگلے مرحلے میں مارٹگیج فنانسنگ کے تحت سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے غریب اور کم آمدن طبقے کے لئے اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر ٹائم لائنز متعین کرنے اورجلد آغاز کی ہدایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں