وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے

اسلام آباد(پی این آئی)نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اب سے کچھ دیرپہلے کوئٹہ پہنچ گئے جہاں وہ شہید کان کنوں کے لواحقین سے ملاقا ت کرینگے، وزیر اعظم عمران خان بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کرینگے، اس سے پہلے 10 مزدوروں کی نماز جنازہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ادا کی گئی۔

جنازے میں ہزارہ برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری، وفاقی وزیر علی زیدی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور دیگر صوبائی وزراء نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بعد ازاں جاں بحق افراد کی تدفین ہزارہ قبرستان کر دی گئی ،واضح رہے کہ لواحقین اور ہزارہ برادری کے افراد گزشتہ 6 روز سے احتجاج پر تھے۔ گزشتہ روز تمام مطالبات تسلیم کرنے کی حکومتی یقین دہانی کے بعد ہزارہ برادری نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔دریں اثنا معاون خصوصی وزیراعظم سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہزارہ شہداء کے لواحقین کا اپنے پیاروں کو اللہ کے سپرد کرنے کے فیصلے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اپنے ٹوئٹرپیغام میں انہوںنے کہاکہ زندگی کے چند بہت مشکل اور دل دہلا دینے والے ایام ورثاء کے ساتھ گزارے،یہ ہماری تاریخ کا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔زلفی بخاری نے لکھا کہ غم کی اس گھڑی میں ورثاء کے ساتھ ہوں، تمام ورثاء کے باصبر اور با ہمت رہنے کا شکریہ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close