اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزرا کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کوئٹہ جا کر ہزارہ کمیونٹی کا دکھ درد بانٹیں، روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی شائع خبر کے مطابق چار وفاقی وزرا کی رائے تھی کہ وزیراعظم کو کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہئے
اور احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہئے تاکہ مقتولین کی تدفین ہو سکے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان وزرا کا کہنا تھا کہ تدفین سے قبل کوئٹہ کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کا اپنا فیصلہ ہے۔ان وزرا کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا تھا اور وزرا کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی کہ وہ کوئٹہ چلے جائیں۔ان چار میں سے دو وزرا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ دن انتظار کریں۔ تاہم ان وزرا میں سے ایک نے بتایا کہ بعد میں وزارت داخلہ کی طرف سے بھی وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں سے جا کر ملاقات کر لیں۔ایک اور وزیر کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات میں جب وزیراعظم اپنی رائے قائم کر لیتے ہیں تو وہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کرتے۔ ایک وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس معاملے میں انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مقتولین کی تدفین سے قبل کوئٹہ نہیں جائیں گے۔چار وفاقی وزرا میں سے ایک نے تصدیق کی کہ علی زیدی نے کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ جا کر ہزارہ کمیونٹی والوں سے ملاقات کرنے کی رائے کی حمایت کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں