تعلیمی اداروں کو تین مراحل میں کھولنے کی تجویز سکولوں اور بورڈزکے امتحانات کب ہونگے؟ بڑے فیصلوں کی گھڑی آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) کوروناوائرس کے باعث ملک بھر کے بند تعلیمی اداروں کو تین مراحل میں کھولنے کی تجویز کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے جو چار جنوری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگا۔روزنامہ جنگ میں

سید محمد عسکری کی شائع خبر کے مطابق اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں 25 جنوری سے پرائمری اسکول کھول دیئے جائیں، دوسرے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل یا مساوی ادارے کھولے جائیں اور 15فروری سے اعلی تعلیم کے ادارے کھول دیئے جائیں جبکہ اسکولوں اور بورڈز کے امتحانات مئی کے آخری ہفتے اور جون کے ابتداء میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔موسم گرما کی تعطیلات مختصر کردی جائیں گی۔ نیا تعلیمی سال اگست سے شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں قومی تعلیمی پالیسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک اور صوبوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جس کی روشنی میں تین مراحل میں تعلیمی ادارے کھولنے کی منظوری دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں