گلگت بلتستان الیکشن سے ایک دن پہلے پیپلز پارٹی کو زبردست حمایت حاصل،ن لیگ اور تحریک انصاف ہاتھ ملتے رہ گئے


اسلام آباد (پی این آئی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ (ٹی این ایف جے) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ ہفتہ کو پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئرمین ذوالفقار علی راجہ نے مشترکہ بیان میں کہاکہ پیپلز پارٹی کو اپنی پالیسی و منشور کے قریب سمجھتے ہوئے حمایت کررہے ہیں۔

چیئرمین پولیٹیکل سیل ٹی این ایف جے نے کہاکہ ٹی این ایف جے مکتب تشیع کی نمائندہ اور سب سے دیرینہ جماعت ہے۔ ذولفقار علی راجہ نے کہاکہ ہماری قیادت آغا حامد موسوی نے80 کی دہائی میں مذہب، مسلک و زبان کے نام پر انتخابی سیاست کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔چیئرمین سیل ٹی این ایف جے نے کہاکہ کالعدم جماعتوں کا الیکشن میں حصہ لینا خطرناک کھیل ہے، خنجراب سے گوادر تک امن کیلئے یکساں پالیسی اپنانا ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی مفادات کی خاطر امن کے لئے دی گئی پاک فوج اور کی قربانیاں رائیگاں نہ کی جائیں، گلگت بلتستان کے عوام نفرت مفادپرستی عصبیت کے بجائے نظریہ وطن اور عوام کو مقدم رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی ادائیگی میں نمایاں ترین کردار ادا کیا، گلگت بلتستان کے عوام، ٹی این ایف جے کارکنوں اور آقائے موسوی کے پیروکاروں سے اپیل ہے کہ اپنا ووٹ پیپلز پارٹی کے حق میں ڈالیں۔ انہوںنے کہاکہ امید رکھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی امیدواروں پر پورا اترے گی، مکتب تشیع کے آئینی و بنیادی حقوق اور امن کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ پر پیپلز پارٹی نے عمل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ٹی این ایف جے نے کہاکہ پیپلز پارٹی 2018 کے انتخابات میں سندھ میں ٹی این ایف جے کے ساتھ کئے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ نیئر حسین بخاری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حمایت پر ٹی این ایف جے کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان میں تمام مکاتب کو برابر کے حقوق و نمائندگی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مکتب تشیع سمیت تمام مسالک کو ان کے آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائیں گے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے ضیائی مارشل لا کی پیدا کردہ نفرتوں کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا۔نیئر بخاری نے کہاکہ ٹی این ایف جے کے قائد آغا حامد موسوی کی قومی سوچ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close