کراچی(پی ین آئی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پاکستانی ثقافت و تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے مختصر دستاویزی فلمی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’ انٹر سروس پبلک ریلیشن‘‘(آئی ایس پی آر) کی جانب سے ’نیشنل ایمیوچیو شارٹ فلم فیسٹیول‘ کے نام سے پلیٹ فارم کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں بالخصوص پاکستان کے
نوجوانوں کو اپنے فن کے ذریعے غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔مختصر فلموں کے عنوان میں پاکستان کے رنگ، وادی سندھ کی قدیم تہذیب، پاکستانی ثقافت و ہم آہنگی، چھوٹی صنعتیں و خوشحالی، پاکستان میں فلاحی کام اور زرعی مصنوعات کی قدر افزائی شامل ہیں۔ اس فیسٹیول میں حصہ لینے کے لیے باقاعدہ طور پر اصول و ضوابط موجود ہیں۔فیسٹیول میں شامل کیے گئے موضوع میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان کو یکم جنوری 2021ء سے قبل رجسٹریشن کروانی ہوگی جب کہ دستاویزی فلم کا پروجیکٹ جمع کرانے کی تاریخ 10 مارچ 2021ء ہے۔ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ بہترین مختصر دستاویزی فلم بنانے والوں کو نہ صرف ایوارڈ دیا جائے گا بلکہ دنیا کے بہترین فلم ساز انسٹی ٹیوٹ کے لیے اسکالر شب بھی دی جائے گی۔نیشنل ایمیوچیو شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان نسل کی صلاحتیوں کو سامنے لانے کے لیے شوبز سے وابستہ فنکاروں نے فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کے لیے زور دیا۔مقامی ویب سائٹ کے مطابق مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘عہدِ وفا’ کے اداکار وہاج علی کا اس فیسٹیول کے حوالے سے کہنا تھا کہ عام طور سے یہی سننے کو ملتا ہے کہ نوجوانوں کو اچھے مواقع نہیں ملتے لیکن میں انہیں کہنا چاہوں گا کہ یہ وقت اب شکایت کرنے کا نہیں بلکہ کچھ کر دکھانے کا ہے، آپ لوگوں کے لیے نیشنل ایمیوچیو شارٹ فلم فیسٹیول موجودہ وقت کے لحاظ سے اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔گلوکار و اداکار فرحان سعید نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس ٹیلنٹ ہے تو میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ موقع آپ لوگوں کے لیے ہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں