کورونا وباء ناقابل برداشت ہو گئی، تمام مزار، سینما، تھیٹر فوری بند کر دیئے گئے، جلسے جلوسوں پر پابندی کی تجویز

اسلام آباد (پی این آئی)کورونا وباء ناقابل برداشت ہو گئی، تمام مزار، سینما، تھیٹر فوری بند کر دیئے گئے، جلسے جلوسوں پر پابندی کی تجویز، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں اضافے کے باعث مزار، سینما اور تھیٹر فوری طور پر بند کرنے کا

اعلان کر دیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کورونا وائرس کی بڑھتی لہر کے سبب بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی گئی۔اجلاس میں این سی او سی نے شادی کی تقریبات سے متعلق گائیڈ لائن جاری کر دی جس کے مطابق 20 نومبر کے بعد کھلے علاقے میں شادی کی تقریب میں 500 افراد کی شرکت کی اجازت دی جائے گی۔این سی او سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی، ثقافتی اور مذہبی سمیت ہر طرح کے اجتماعات میں 500 سے زائد افراد کی شرکت کی ممانعت ہو گی۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 21 تک جا پہنچی ہے۔کورونا وائرس کے ملک بھر میں 21 ہزار 98 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 109 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار 65 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار 34 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 12 لاکھ 79 ہزار 917 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 41 لاکھ 47 ہزار 650 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 94 ہزار 958 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 64 لاکھ 5 ہزار 467 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چند روز قبل کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث شادی ہالوں میں تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ کھلے علاقے میں شادی کی تقریب میں 1000 سے زائد افراد کی شرکت پر پابندی عائد کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close