اب بات صرف یہاں تک نہیں رکے گی ، ضرورت پڑی تو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی بلا لیں گے، چیف جسٹس گلزار احمد کے اہم کیس میں ریمارکس ، بڑا حکم جاری کردیا‎

اسلام آباد(پی این آئی ) چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو وزیر اعظم کو بھی بلا لیں گے۔سپریم کورٹ پاکستان میں ریلوے خسارہ از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) پر پاکستان ریلوے اور سندھ حکومت کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیے۔نجی ٹی ہم نیوز کے مطابق عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر

عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا ؟ محکمانہ خط بازی کی گئی لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری ریلوے اور چیف سیکرٹری توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ عدالت نے سیکرٹری ریلوے اور چیف سیکرٹری سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ کیوں فعال نہیں ہوا ؟ عدالت نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کو بھی ذاتی حیثیت سے پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اب بات صرف یہاں تک نہیں رکے گی اب سب کو بلائیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی بلا لیں گے۔چیف جسٹس پاکستان نے ریلوے خسارہ از خود نوٹس کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں