اسلام آباد(پی این آئی) کراچی پولیس نے قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ
ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ، پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر )صفدر کو حراست میں لیا ، جس کے بعد پولیس انہیں گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔پولیس حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے ،مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔دریں اثناچیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ وممبر گڈگورننس کمیٹی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کا اپنی سیاست کیلئے مزار قائدکا تقدس پامال کرناقابل مذمت ہے، قائد اعظم محمد علی جناح جیسی عظیم ہستی کے مزار پر سیاسی ہلڑبازی پر قوم دل گرفتہ ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اس دھرتی پر بسنے والے تمام پاکستانیوں کے قائد ہیں، کیپٹن (ر) صفدر نے قبر کے بالکل قریب کھڑے ہو کر انتہائی غیر مناسب حرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی قابل شرم حرکت پر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے ، لیگی ملک کوکس طرف لے جانا چاہتے ہیں ،اللہ پاک پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں