کیپٹن صفدر کو ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کر لیا گیا

کراچی(پی این آئی)پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے بعد پولیس نے ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو ان کے ہوٹل سے گرفتار کر لیا۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ پولیس نے ہوٹل میں ان کے

کمرے کا دروازہ توڑا اور کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا ہے۔قبل ازیں کراچی کے بریگیڈ پولیس سٹیشن میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ن لیگی رہنما نے کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل اپنی اہلیہ اور پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے دوران حکومت مخالف نعرے لگوائے تھے۔کراچی کے ضلع شرقی میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف درج کیا گیا۔مقدمہ وقاص احمد نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مدعی نے ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے قائداعظم کی قبر کی بے حرمتی، کیپٹن(ر) صفدر کی جانب سے جان کی مارنے کی دھمکیوں اور مزار قائد کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شکایت کی تھی۔اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کے تحت جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ابتدائی جلسے کے بعد دوسرا جلسہ اتوار 18 اکتوبر کو کراچی میں ہوا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں