گوجرانوالہ میں جلسے کی تیاریاں مکمل، قافلے روانہ، ٹریفک پلان جاری، کون سا راستہ کھلا، کون سے بند؟ جانیئے

گوجرانوالہ (پی این آئی)گوجرانوالہ میں جلسے کی تیاریاں مکمل، قافلے روانہ، ٹریفک پلان جاری، کون سا راستہ کھلا، کون سے بند؟ جانیئے، پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں آج ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سمیت مختلف علاقوں

سے قافلے روانہ ہو گئے۔لاہور کی سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔سی ٹی او لاہور حماد عابد کے مطابق شریف میڈیکل سٹی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، رنگ روڈ اڈا پلاٹ تا نیازی شہید چوک حالات کے پیشِ نظر بند کیا جا سکے گا۔انہوں نے بتایا کہ راوی روڈ تا امامیہ کالونی پھاٹک ریلی کے وقت عام ٹریفک کیلئے بند ہو گا، جبکہ ریلی کے وقت ملحقہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رکھی جائیں گی۔سید حماد عابد کا کہنا ہے کہ ریلی گزرنے کے ساتھ ہی سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی جائیں گی، ریلی کے وقت گوجرانوالہ اور نارووال جانے والے شہری پرانا راوی پل استعمال کر سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور سے شیخو پورہ جانے والا ٹریفک شاہدرہ چوک کی بجائے سگیاں پل استعمال کر سکے گا، ٹریفک کی روانی کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا ہے کہ دو ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 56 انسپکٹرز اور 600 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے، ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھا جائے گا۔سی ٹی او سید حماد عابد نے شہریوں سے لاہور رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر ریلی کی موومنٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل بھی کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہورہا ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جامعہ اشرفیہ لاہور، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گے، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء سے پہنچیں گی۔ادھر پولیس نے نون لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کیلئے 250 سے زائد چھاپے مارے جبکہ سرگودھا اور بھلوال میں لیگی کارکنوں کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمے درج کر لیے گئے، اپوزیشن کے جلسے میں شرکت روکنے کیلئے میانوالی میں بڑے بڑے کنٹینرز پہنچ گئے۔دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دے دیا ہے اور وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو بھر کر دکھائیں، مگر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔دوسری جانب اپوزیشن نے حکومتی چیلنج کو قبول کر لیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close