عابد ملہی کی گرفتاری ، انعامی رقم کا ایک اور دعویدار سامنے آ گیا، گرفتاری میں مدد کی،پولیس وعدے کے مطابق انعام کی رقم دے، ملزم کے قریبی رشتہ دار کا دعویٰ

لاہور( این این آئی )موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے معاملے میں انعام کا ایک اور دعویدار سامنے آ گیا۔عابد ملہی کی بیوی کے بھتیجے زاہد سرفراز نے دعوی کیا ہے کہ عابد ملہی کی گرفتاری میں اس نے پولیس کو مدد کی۔زاہد سرفراز نے دعوی کیا ہے کہ 12 اکتوبر کی رات عابد ملہی فیصل

آباد میں ان کے گھر آیا لیکن اس وقت گھر میں کوئی نہیں تھا، ملزم عابد ملہی کی بیوی کے والد چھت پر سو رہے تھے۔انعام کے دعویدار شخص کا کہنا ہے کہ عابد ملہی نے خالی گھر پاکر پاس پڑے موبائل فون کو چرا لیا اور جاتے ہوئے دیوار پر نشانی کے طور پر اپنا نام لکھ گیا۔بشری بی بی کے بھتیجے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس حکام کے رابطہ کرنے پر اس نے پولیس کو موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر فراہم کیا جس کی مدد سے ملزم عابد کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔زاہد سرفراز کا کہنا ہے کہ عابد کی گرفتاری کے بعد اسے پولیس وین سے اتار دیا گیا، عابد ملہی کی تلاش کے دوران پولیس حکام نے انہیں انعامی رقم دینے کی یقین دہانی کرائی تھی، اس لیے اب پولیس اپنے وعدے کے مطابق 25 لاکھ روپے کی رقم دلوائے۔عابد ملہی کے والد کی جانب سے بیٹے کی خود گرفتاری کرانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھی پولیس کے لئے پچاس لاکھ روپے انعام کااعلان کیا گیاہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close