لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نواز شریف سے پوچھے جانے والے سوالات کی تعداد 10سے بڑھا کر 30کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کو گواہ بنا کر حلفاً کہتا ہوں کہ اسلامی دوستوں کے ذریعے حکومت سے بارگین کی کوشش کی گئی ہے، مریم نواز خاتون ہیں اس لئے لحاظ کر رہا ہوں، ان کو تنبیہ کرتا ہوں کہ میرے پاس ایسی خبریں ہیں کہ اگر
انہیں باہر نکال دوں تو ملک میں سیاسی زلزلہ آ جائے گا،لندن میں سی پیک کے خلاف گٹھ جوڑ ہو رہا ہے اور نواز شریف اس کے محرک ہیں، نواز شریف کو ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، نوازشریف کو تقریر کی اجازت دینا عمران خان کا غلط فیصلہ تھا، پی ڈی ایم اندھوں کا اصطبل ہے،اپوزیشن کی تحریک صرف سینیٹ کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 20اکتوبر سے سرگودھا،میاں نوالی ایکسپریس چلا رہے ہیں،12ٹرینیں نجی شعبے کو دیدی ہیں اور مزید 34دیں گے،6 مزید ٹرینیں فریٹ کی کراچی میں دیدی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے، نواز شریف اپنی بیٹی کے علاوہ کسی پر اعتبار نہیں، انہیں شاہد خاقان سمیت کسی رہنما پر اعتبار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) سے (ش)ضرور نکلے گی اور دسمبر اور جنوری تک کا ٹائم ہے،(ن) لیگ بہت مسائل سے گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کے متعلق بات کی ہے،کیا نوازشریف نے انہیں تعریفی خط نہیں لکھا کہ آپ کی جمہوریت کیلئے بڑی خدمات ہیں،کیا آپ اس وقت جھوٹ بول رہے تھے، آپ میں آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرنے کی جرات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج عظیم فوج ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے، نوازشریف نے پاک فوج کے خلاف اعلان جنگ کیاہے،بی جے پی کا کوئی کارکن تو فوج کے خلاف ہو سکتا ہے لیکن کوئی لیگی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کو عدالتیں بری لگتی ہیں، جب جسٹس قیوم، جسٹس نسیم حسن شاہ اور جسٹس تارڑ تھے تو آپ کو یہ
عدالتیں بڑی پیاری لگتی تھیں، آپ فون کر کے انہیں احکامات دیتے تھے کہ فلاں کو اتنی سزا سناؤ اور فلاں کو چھوڑ دو،نوازشریف بھول گئے جو انہوں نے جونیجو کی پیٹھ پر چھرا مار کر سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز خاتون ہے اس لئے انہیں رعایتیں ملی ہوئی ہیں۔ آپ یہ کیوں نہیں بتاتے کہ آپ کے چچا پر کیا کیس تھا،17ہزار روپے تنخواہ والے ملازم کے اکاؤنٹ سے
9ارب روپے کی معمولی رقم نکلی ہے، آپ کے والد علاج کے نام پر بیرون ملک گئے لیکن آج تک علاج نہیں کرایا۔22کروڑ عوام کی اس سے زیادہ توہین اور کیا ہو سکتی ہے کہ ان کا وزیر اعظم متحدہ عرب امارات میں نوکری کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ آپ نے این آر او مانگا اور اس میں اور بھی لوگ شامل تھے۔ آپ نیب کے قانون میں 34ترامیم چاہتے تھے
لیکن عمران خان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا قانون نہ پاس ہو لیکن ہم ان کی ترامیم نہیں مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں، آپ کے فوج کے جوتے میں ایکسائز کے وزیر بنے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا ہو، سیلاب ہو،دہشتگردی اور ٹڈی دل کا حملہ ہو ہماری فوج لڑتی ہے، فوج نے نیلم جہلم میں کردار ادا کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ
قوم کو قوم کو بتائیں آپ ایک سال اور دس ماہ تک کیوں خاموش رہے، کیونکہ آپ اسلامی دوستوں کے ساتھ مل کر بارگینگ کررہے ہیں۔اب آپ کے بیانیے کا نہیں بلکہ عدالتوں کا وقت ہے۔ آپ بتائیں آپ نے مودی میں تنہائی سے کیا باتیں کیں، پاکستان سے باہر جا کر کیوں مودی اور جندال کو فون کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف لندن میں گٹھ جوڑ ہو رہا ہے،سی پیک اور
پاکستان کے خلاف عدم استحکام کی سازشیں ہو رہی ہیں اور نواز شریف اس کے محرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن میرے پیر بھائی ہیں میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان سے بچو، انہوں نے آپ کو پہلے بھی دو بار استعمال کیا اس بار آپ ان کو استعمال کریں۔مولانا فضل الرحمان نے اس اسمبلی سے صدارتی ووٹ مانگا ہے یہ اسمبلی حرام نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ
نواز شریف بتائیں انہیں نے حسین حقانی کے گئے جعلی دستخطوں سے بینظیر کی کردار کشی کی مہم نہیں چلائی،آپ نے سیف الرحمن کے ذریعے کس کس کا مال کھایا،اسامہ سے کتنی ملاقاتیں اور کتنے پیسے لئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صرف یہ ہے کہ اگر عمران خان نے مارچ میں سینیٹ میں اکثریت لے لی تو انہیں ندامت ہو گی،یہ مفرور، مجرم، اوربھگوڑے،یہ ڈان لیکس پر بھی
کبھی اقراری اور کبھی انکاری کرتے رہے۔ یہ کہتے ہیں کہ آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا لیکن ایسے ممبران بھی ہیں جو 50ووٹوں سے ہارے اور ایسے بھی ہیں جو 200وو ٹوں سے جیتے۔ آپ کل استعفے دیں ہم وہاں پر انتخابات کر ادیں گے۔ ہم امیدواروں کو سٹڈی کر رہے ہیں اور ملک کے خلاف سازشوں میں شریک لوگوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ
پیپلزپارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتے ہیں میرے دس سوال لغوہیں، میں ان سے تیس سوال پوچھ رہا ہوں اس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا واضح موقف ہے کہ کسی صورت میں بھی دشمن،بھگوڑوں،مجرم اور بھگوڑے کو قوم سے خطاب کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے تھا،یہ صرف عمران خان کا فیصلہ تھاکہ انہیں ایکسپوز ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ
میرا بلاول سے محبت کا رشتہ ہے وہ استعفے نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھاڑو پھرے گا اور چار ماہ تک وقت بڑا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک صرف سینیٹ انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک ہے اس کے بعد یہ ٹیں ٹیں فش ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے میں نے کہا تھاکہ نواز شریف کو جانے دو لیکن اب کہتا ہوں کہ نوازشریف کو واپس لایاجائے اگر واپس آئے گا اپنی اصل جگہ جیل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف قیدی،مجرم اورسزا یافتہ نہیں، پرویز مشرف ایماندار آدمی ہے اس پر ایک پائی کی بھی کرپشن کاالزام نہیں،عمران خان عظیم اور ایماندار سیاستدان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں