یو اے ای کا پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا اعلان متحدہ عرب امارات نے شرائط کی تفصیل جاری کر دی

دُبئی(پی این آئی ) متحدہ عرب امارات نے غیر ملکیوں کو امارات کی شہریت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات اپنے ہاں مروج شہریت کے قوانین میں ترامیم کررہا ہے۔ان کے تحت مختلف شرائط پر پورا اترنے والے غیرملکی تارکین وطن کو اب یو اے ای کی شہریت دی جاسکے گی۔ سعودی ٹی وی چینل “العریبیہ نیوز” کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ

وزارت انصاف نے ایک سرکاری بیان جاری کیا ہے ،اس میں شہریت کے قوانین میں مجوزہ ترامیم کی صراحت کی گئی ہے۔ترمیمی ضوابط کے مطابق اب سرمایہ کاروں ، کاروباری شخصیات ، پیشہ ور حضرات اور خصوصی ٹیلنٹ کے حامل افراد کو یو اے ای کی شہریت دی جاسکے گی۔ یو اے ای کے شہریت کے قانون میں دو اور ترامیم بھی کی گئی ہیں۔ان کے تحت امارات کا پاسپورٹ جس مقصد کے لیے جاری کیا جائے گا،اس کو اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ دوسری ترمیم کے تحت پاسپورٹ کو صرف طے شدہ قانونی مقاصد کے لیے جاری کیا جائے گا،غیر قانونی استعمال کی صورت میں اس کو ضبط کر لیا جائے گا۔ترمیمی قانون کے تحت درج ذیل شرائط پورا کرنے والے غیرملکیوں کو یو اے ای کی شہریت دی جاسکے گی:1۔ ان غیرملکیوں کو اپنی اصل شہریت یا کسی دوسرے ملک کی قومیت سے دستبردار ہونا ہوگا۔2۔ وہ ملک میں قانونی طور اور مسلسل اقامت گزیں ہوں۔3۔ عربی زبان بولنے میں مہارت تامہ رکھتے ہوں۔4۔ وہ روزگار کے قانونی ذرائع کے حامل ہوں۔5۔ تعلیمی اہلیت کے حامل ہوں۔6۔ اچھے اخلاق وکردار کے حامل ہوں۔7۔شہریت کے درخواست گزار مرد/عورت کو کسی جرم میں سزایافتہ نہیں ہوناچاہیے۔انھیں ایسی کسی غلط روی کا مرتکب نہیں ہونا چاہیے جس کی وجہ سے عزت وتوقیر اور اعتماد کو نقصان پہنچا ہو۔8۔ انھیں سکیورٹی سے منظوری لینا ہوگی۔9۔ انھیں ریاست سے وفاداری کا حلف لینا ہوگا۔شہریت ایکٹ میں ایک ترمیم کے تحت اگر کوئی غیرملکی عورت کسی اماراتی شہری سے شادی کرتی ہے تو اس کو اس قانون کی شق (5) سے مستثنیٰ قرار دیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close