منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات، شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی رابعہ کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، دونوں کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم

لاہور(پی این آئی)منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات، شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی رابعہ کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، دونوں کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم، احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

جاری کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت ہوئی ،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔حمزہ شہباز کو کورونا کے باعث پیش نہیں کیا گیا جبکہ جویریہ کو حاضری لگوانے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی، سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سلمان شہباز کے لندن میں گھر کے باہر وارنٹ گرفتاری چسپاں کر دئیے تھے۔ فارن آفس کی جانب سے سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق رپورٹ پیش نہیں کی گٸی۔جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر فارن آفس کے ذمہ دار افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا جبکہ عدالت نے نصرت شہباز اور رابعہ عمران کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور دونوں کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی جویریہ کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور کارروائی مکمل ہونے پر سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف فیملی نے 7 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی اور غیر قانونی اثاثے بناٸے، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر 1 ایک ارب روپے تک کے اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام ہے جبکہ شہباز شریف فیملی نے اپنے ملازمین اور قریبی دوستوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی ہے۔

close