صدارتی نظام مسترد، حکومت “سقوط کشمیر” کی ذمہ دار قرار دیدی گئی، آل پارٹیز کانفرنس میں 26 نکاتی قرار داد منظور کرلی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں 26 نکاتی قرار داد منظور کرلی گئی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے منظور کی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ آئین اور وفاقی پارلیمانی نظام پر یقین رکھنے والی قومی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ” پاکستان ڈیموکریٹک الائنس” کے نام

سے تشکیل دیا گیا ہے جو غریب دشمن حکومت سے نجات کیلئے ملک گیر احتجاجی تحریک کو منظم اور مربوط انداز میں چلائے گا۔قرار داد میں اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ملک میں فوج اور ایجنسیز کے عمل دخل کے بغیر نئے انتخابات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔اے پی سی نے صدارتی نظام کے ارادوں کو مسترد کردیا اور حکومت کو “سقوط کشمیر” کا ذمہ دار قرار دیا ۔ اجلاس میں میڈیا پر تاریخ کی بدترین پابندیاں ختم کرنے اور صحافیوں کے خلاف مقدمات خارج کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔نیشنل ایکشن پلان، سی پیک، اٹھارہویں ترمیم ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، بلدیاتی اداروں کی بحالی، اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں کٹوتی ، آغاز حقوق بلوچستان، ایف سی کی جگہ سول اتھارٹی کی بحالی بھی قرار داد کا حصہ ہے۔قرار داد کے مطابق اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ ٹروتھ کمیشن بنایا جائے جو 1947 سے اب تک کی پاکستان کی حقیقی تاریخ کو دستاویزی شکل دے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ ” چارٹر آف پاکستان” مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی جسے یہ ذمہ داری سونپی جائے گی کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے ایسی ٹھوس حکمت عملی مرتب کرے جس میں بانی پاکستان کے ارشادات اور 1973 کے دستور کی روشنی میں پاکستان کی جدید اسلامی جمہوری فلاحی ریاست کے طور پر واضح سمت متعین ہو۔

close