’’وہ جھوٹ بول رہے ہیں انہیں جھوٹ بولنے دیں‘‘ وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دینے سے روک دیا

اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کی تقریر کو نشر کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی تقریر پر کوئی وفاقی وزیر یا مشیر ردعمل نہ دے ،کیونکہ نواز شریف اپنی ہی تقریر میں خود ہی ایکسپوز ہو جائیں گے ۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکست خوردہ کرپٹ مافیا لوٹا مال بچانے کیلئے پھر جمع ہو رہا ہے، ، مافیا دوبارہ کاماب نہیں ہوسکے گا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب لوٹ کا مال بچانے لیے جمع ہو رہا ہے لیکن اب یہ مافیا دوبارہ کامیاب نہیں ہو سکے گا۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملکی جغرافیائی اور نظریاتی اساس کی محافظ ہے، پاکستان کو ریاست مدینہ کے عین مطابق ڈھالیں گے، پاکستان کے دشمن ملک کو کم زور کرنا چاہتے ہیں، ملک میں فرقہ واریت پھیلانا دشمن کا پرانا حربہ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹف کے سلسلے میں اہم ترین قانون سازی پر اپوزیشن کو واضح شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کا پاکستان مخالف ایجنڈا اور ذہنیت بھی واضح ہو گئی ہے، آئندہ بھی مشترکہ اجلاس بلا کر قانون سازی کی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی خوش حالی کا سفر شروع ہو گیا، اسے سبوتاژ کرنے کے لیے مافیا پھر جمع ہو رہا ہے، لیکن احتساب بلا امتیاز سب کا ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ چوری کیا ہوا پیسہ واپس آئے ، اپوزیشن اس بات میں دلچسپی رکھتی ہے کہ ان کا چوری کا پیسہ محفوظ رہے، اپوزیشن سے ملک اور جمہوریت کی خاطر ہر طرح کا سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم کرپشن پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں