موٹروے واقعہ، ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا

لاہور(پی این آئی):موٹروے واقعہ، ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا، موٹروے زیادتی کیس میں ملزم شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرلیا۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز گرفتاری دینے والے ملزم وقار الحسن کی نشاندہی پر دیپالپور میں کارروائی کی تھی جہاں سے شفقت نامی شخص کو حراست میں

لیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دیپالپور سے حراست میں لیے گئے ملزم شفقت نے دورانِ تفتیش خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرلیا ہے۔ذرائع نےبتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اور ملزم عابد ڈکیتی کی غرض سے موٹروے پر موجود تھے جہاں انہوں نے ایک کار کو دیکھا تو کار کی ریکی کی۔ذرائع کے مطابق شفقت نے مزید بتایا کہ وہ اور عابد ڈکیتی کی غرض سے کار کے پاس گئے جہاں انہوں نے پہلے خاتون سے لوٹ مار کی اور پھر نیچے کھائی میں لے جاکر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اعتراف جرم کے باوجود ملزم کا ڈی این اے کرایا جائے گا جس کے لیے پنجاب فرانزک لیب سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم شفقت کا پہلے سے بھی کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور وہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم شفقت کا ڈی این اے بینک میں پہلے سے ڈی این اے موجود نہیں تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں