موٹر وے واقعہ میں اہم پیش رفت ،مزید 2 افراد گرفتار

لاہور(پی این آئی)موٹر وے واقعہ میں اہم پیش رفت ،مزید 2 افراد گرفتار، موٹر وے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا۔ذرائع کے مطابق موٹر وے زیادتی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور زیر حراست ملزم وقارکے سالے عباس نے بھی گرفتاری دے دی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عباس نے

شیخوپورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم وقار الحسن نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا تھا کہ اس کا سالہ عباس اس کے نام پر جاری ہونے والی سم استعمال کر رہا تھا۔دوسری جانب موٹر وے زیادتی کیس میں خود گرفتاری پیش کرنے والے ملزم وقار الحسن نے زیر حراست ایک اور اہم انکشاف کیا ہے۔وقار الحسن نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ کیس کا مرکزی ملزم عابد ایک عرصے سے شفقت نامی شخص کے ساتھ وارداتیں کر رہا ہے، شفقت بہاولنگر کا رہائشی اور عابد کا دوست ہے۔پولیس نے شفقت کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بہاولنگر اور شیخوپورہ روانہ کیں۔پولیس نے مبینہ ملزم وقار الحسن کے بیان کی روشنی میں شفقت نامی شخص کوبھی حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شفقت کو دیپالپور سے حراست میں لیا گیا اور اس کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے موٹر وے زیادتی کیس میں عابد علی اور وقار الحسن کو ملزم نامزد کیا تھا۔ملزم وقار الحسن نےگزشتہ روز سی آئی اے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی گرفتاری پیش کر دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close