کراچی(پی این آئی):کراچی میں رہائشی عمارت زمین بوس، متعدد افراد کے دب جانے کا بھی خدشہ، کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت گر گئی۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس میں کچھ افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔عمارت گرنے کے
بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیاں شروع کردی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ عمارت میں کچھ خاندان رہائش پذیر تھے اور ان کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کاکہنا ہےکہ عمارت کے ملبے سے اب تک 5 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا ہے جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ایس بی سی اے کے ذرائع کاکہنا ہے کہ گرنے والی عمارت کو مخدوش قرار نہیں دیا گیا تھا تاہم عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ عمارت کا نقشہ پاس کرایا گیا تھا یا نہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اللہ والا ٹاؤن میں جس مقام پرعمارت گری ہے وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا رہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں