اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6ستمبر کا دن ہماری بہادرمسلح افواج کی جرت، عزم صمیم اورایثارو قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 55 سال قبل اس
دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیورپاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں،قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتابلکہ یہ وہ جذبہ، ولولہ اور جرت و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے 370 اور 35 اے کی شقوں کو ختم کرکے نہ صرف اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کاراج مسلط کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ان اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو ادراک کرنا چاہئے کہ ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیا کے عوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کیلئے ہے، ہمیں امن کی خاطر اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری پرعزم قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 6 ستمبر کے اس موقع پر آئیے ہم سب اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید کریں کہ اسی جذبے،عزم و استقلال ، بے مثال جرت اور ناقابل تسخیر جذبے کے ساتھ پاکستان کے دفاع، اس کی سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پرتحفظ کریں گے جس کا مظاہرہ 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں نے کیا تھا۔ افواج پاکستان زندہ باد،پاکستان پائندہ باد ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں