محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز طلب، 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی دیں گے، 676 مقامات حساس قرار دے دیئے گئے

لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدانے آج سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام اوریوم عاشورپر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے مختلف حصے دیکھے اور مرکزی کنٹرول روم سے سکیورٹی

انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اورجلوسوں کی جیوٹیگنگ کی گئی ہے اورسکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2لاکھ40ہزارسے زائد پولیس افسر و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔صوبہ بھر میں 676مقامات حساس قرار دیئے گئے ہیں اورسکیورٹی کو الرٹ کردیاگیاہے۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کوکھانا بروقت فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر پولیس انتظامیہ اوردیگر اداروں میں اشتراک کار مثالی ہونا چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔جلوسوں کے پرامن منتشر ہونے تک پولیس اہلکار وں کو ڈیوٹی پر موجود رہنا چاہیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مرکزی کنٹرول روم میں کیے گئے انتظامات کو سراہااور افسروں وعملے کی کارکردگی کی تعریف کی اورانہیں مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ مرکز ی کنٹرو ل روم میں سی سی ٹی وی کوریج، ڈیش بورڈاورمیڈیا کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔صوبہ بھر میں 37562مجالس اور 9717جلوسوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ مرکزی کنٹرول روم کو ڈویژنل اورڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ لنک کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،سپیشل سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close