اسلام آباد: (پی این آئی)کوہالہ، آزاد پتن پن بجلی منصوبوں سے 1800میگاواٹ بجلی اور 8ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیر اعظم عمران خان کا اعلان، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں سے 1800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور 8
ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوہالہ منصوبہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم پر تعمیر کیا جائے گا۔ اسی طرح آزاد پتن منصوبہ دو اضلاع صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی اور آزاد کشمیر کے ضلع سندھنوتی کے درمیان تعمیر کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے مختلف اعانتوں کے ذریعے معاشرے کے نادار طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں خزانے اور معیشت کے بارے میں تھنک ٹینک کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی پائیدار اقتصادی سرگرمیوں اور وبائی مرض کورونا سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اختیار کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مشکل کی اس گھڑی میں ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے غیر روایتی حل کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لئے ایک حقیقت پر مبنی پیکج کا اعلان کیاگیا ہے جس کا مقصد اشد ضروری روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت غریب عوام کے لئے سستے گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کو خزانہ اور معیشت کے بارے میں تھنک ٹینک کے اغراض ومقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نظم و نسق میں بہتری کےلئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود اور خدمات کی بہتری کےلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئےگئے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر قانون نے وزیراعظم کو بلدیاتی حکومت کے نظام کے قانونی مسودہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ نئے قانون سے حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں