کراچی(پی این آئی)پاکستان کے بڑے اور حساس شہر میں بڑی دہشت گردی کا خطرہ، کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے۔کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کی حالیہ ناکام کارروائی کے تناظر میں شہر کے 8 حساس مقامات پر سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز تعینات کردیے گئے ہیں۔یہ ٹیمیں ہر طرح کے حالات سے نبرد آزما ہونے کے خصوصی آلات سے لیس اور فوری طور پر شہر کے کسی بھی مقام پر پہنچ کر مؤثر کارروائی کی پوزیشن میں ہوں گی۔ سندھ پولیس میں جدید طرز کی خاص تربیت کے بانی اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈی آئی جی مقصود میمن نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ ماضی میں ایس ایس یو کی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹیس ٹیم کراچی میں حسن اسکوائر پر واقع ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھی۔ ایس ڈبلیو اے ٹی کمانڈوز کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہتے تھے مگر کراچی میں دہشت گردی کی حالیہ ناکام کارروائی کے بعد شہر میں حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے خصوصی ہتھیاروں اور حکمت عملی کی ٹیموں یعنی ایس ڈبلیو اے ٹی کمانڈوز کی تعیناتی کے پوائنٹ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مقصود میمن کے مطابق کراچی پولیس چیف کی نشاندہی پر ان کمانڈوز کو اب پورے کراچی میں پھیلایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کمانڈوز کی تعیناتی کے آٹھ مقامات کو سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے کنٹرول رومز سے منسلک کردیا گیا ہے۔ اس کا مقصد شہر میں خدانخواستہ دہشتگردی کی کسی کارروائی کی صورت میں فوری جوابی کارروائی کے لیے کمانڈوز کے پہنچنے کا دورانیہ کم سے کم کرنا ہے۔ مقصود میمن نے بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز بین الاقوامی طرز کی خصوصی تربیت کے بعد جدید طریقے ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ ایس ایس یو ملک میں پولیس کا پہلا آئی ایس او سرٹیفائیڈ ادارہ ہے جو عالمی تقاضوں پر استوار کیا گیا اور جدید اسلحہ سے لیس ایس ایس یو کمانڈوز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں