وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا کا شکار ہو کر قرنطینہ میں چلے گئے

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا کا شکار ہو کر قرنطینہ میں چلے گئے، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔پیر کو ایک ٹویٹ میں ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد

انہوں نے ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں وبا کی بہت معمولی علامات ہیں اور وہ سلسلے میں تمام حفاظتی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ظفر مرزا نے طبی شعبے سے وابستہ تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور متعلقہ افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ لوگ بہت قابل قدر کام کر رہے ہیں، اسے جاری رکھیں۔مجھے آپ پر فخر ہے۔’ڈاکٹر ظفر مرزا وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور وہ اس وقت ملک میں جاری کورونا وائرس کے خلاف حکمت عملی ترتیب دینے والی حکومتی ٹیم اور این سی او سی کے اہم رکن ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا سے قبل بھی کئی حکومتی شخصیات کا کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔ ان میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان ابرار الحق شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں