پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا میں پِری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ لاہور میں بھی تیزہواؤں اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں تخت بھائی اور بالا کوٹ میں 33 ، 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ کالام میں 9، اپر دیر
21 اور تیمرگرہ میں 8 ملی میٹر اور کاکول ایبٹ آباد میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پشاور اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور چند ایک مقامات پر بوندا باندی بھی ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوچکا ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔لاہورکے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آئندہ دو روز تک بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ ملک کے بیشتر شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے، موئن جو دڑو میں درجہ حرارت 47ڈگری ،سبی 45،ڈیرہ غازی خان 44،حیدرآباد40 اورکراچی میں 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔جموں میں درجہ حرارت 38، سری نگر 31 اور لیہہ میں پارہ 23 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں پِری مون سون بارشیں ہوں گی جب کہ اگلے ہفتے سے مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں