اس سال کون سے خوش نصیب مسلمان حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟ سعودی وزیر حج و عمرہ نے تفصیلات جاری کر دیں

ریاض(پی این آئی):اس سال کون سے خوش نصیب مسلمان حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟ سعودی وزیر حج و عمرہ نے تفصیلات جاری کر دیں، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ رواں برس حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے اس صحت عملے کو ترجیح دی

جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا، اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیر حج کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کر کے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں، اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔ان کے مطابق جہاں تک سعودیوں کا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کر دیے گئے ہیں، اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان اہلکاروں کو دی جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔دوسری جانب حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ نے بتایا کہ عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس اور کونسل کے ارکان شریک ہوئے۔اجلاس میں السدیس کا کہنا تھا کہ ہمیں صحت و سلامتی کی خاطر اپنی یومیہ سرگرمیوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنا ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close