لندن (پی این آئی) ایم کیو ایم لندن کے سابق رہنما محمد انور نے انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم کا بھارت سے پیسہ لینے کا معاملہ حقیقت ہے۔نجی نیوز چینل کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں محمد انور نے بتایا کہ بھارتی حکومت سے پیسے لے کر ہمیشہ پارٹی قیادت کو دیے، عمران فاروق کے قتل سے میرا کسی بھی قسم کا تعلق
نہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو بھی ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات میں شامل کرنا چاہیے۔محمد انور کا کہنا ہے کہ قتل و غارت کے تمام کاموں میں ایم کیو ایم پاکستان ملوث تھی، کراچی میں قتل و غارت کرنے والے آج معزز بنے بیٹھے ہیں، حقائق سامنے لانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 90ء کی دہائی کی ابتدا میں ندیم نصرت نے بھارتی سفارت کار سے میری ملاقات کرائی، بھارتی سفارت کار سے پارٹی کے حکم پر وسطی لندن میں ملاقات کی تھی۔ایم کیو ایم لندن کے سابق رہنما محمد انور نے کہا کہ بھارتی حکومت سے پیسے لے کر ہمیشہ پارٹی قیادت کو دیے، بھارت سے لی گئی رقم کا ایک روپیہ بھی زندگی بھر اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے صرف مجھے الزام دینا سراسر غلط ہے، ڈاکٹر عشرت العباد کا ایم آئی سکس کے حوالے سے میری تصاویر کے بارے میں دعویٰ بے بنیاد ہے۔محمد انور نے کہا کہ میرے والد نے پاکستان کے لیے جیل کاٹی، سسر بانیانِ پاکستان میں شامل تھے، حقائق سامنے لانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہوں، ہمیشہ پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔ ایم کیو ایم راضی ہو تو فلیٹ شمائلہ کو منتقل کرنے پر تیار ہوں، محمد انورانہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو ذلیل کر کے پارٹی سے نکالا گیا، معطل کرنے کا مقصد ہی ذلیل کرنا تھا، ایم کیو ایم کے ’پارساؤں‘ کی کارستانیوں کا الزام مجھ پر دھرنا ناقابلِ برداشت ہے۔ایم کیو ایم لندن کے سابق رہنما کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے ساتھ میرے اچھے تعلقات تھے، ان کے قتل میں میرے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پولیس کے پاس نہیں کیونکہ میں ملوث ہی نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہوں تو برطانیہ اور پاکستان کی ایجنسیاں ثبوت سامنے لا کر ایکشن لیں۔محمد انور کا یہ بھی کہنا ہے کہ خالد شمیم کے مجھ پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے حوالے سے الزامات مضحکہ خیز ہیں، خالد شمیم سے نہ کبھی ملا، نہ انہیں جانتا ہوں، ایم کیو ایم کو توڑنے کی دشمنوں کی خواہش کو بانیٔ متحدہ نے خود پورا کر دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں