بے نظیر بھٹو پر نازیبا الزامات، عدالت کا امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

اسلام آباد(پی این آئی)بے نظیر بھٹو پر نازیبا الزامات، عدالت کا امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم،اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف ٹوئٹر پر نازیبا الزامات عائد کرنے پر امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مقدمہ درج

کرنے کا حکم دے دیا۔پیر کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد جہانگیر اعوان نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ایف آئی اے کو حکم دیا جائے کہ بے نظیر بھٹو کے خلاف نازیبا ٹویٹس کرنے پر سائبر کرائم کا مقدمہ درج کیا جائے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے عدالت کو بتایا تھا کہ درخواست گزار براہ راست متاثرہ فریق نہیں ہیں جبکہ قانون کے مطابق متاثرہ فریق یا اہل خانہ ہی اس طرح کے مقدمے میں درخواست دائر کر سکتے ہیں۔سماعت کے دوران عدالت میں ایف آئی اے کے نمائندے نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے ایف آئی اے انکوائری کرتا ہے اور ہماری استدعا ہے کہ اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کی جائے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی سنتھیا کے خلاف درخواست کے اندراج کی مخالفت کی تھی۔ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے سنیچر کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ریاست علی آزاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کے پاس نازیبا ٹویٹس کرنے والی خاتون کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار ہے اور کوئی بھی جرم ہوتا ہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارروائی کرے۔وکیل ریاست علی آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے اور اس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی جانی چاہییں۔سماعت میں بلاگر سنتھیا رچی کے وکیل ناصر عظیم خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ 9 سال تک سنتھیا رچی خاموش کیوں رہیں؟ سنتھیا رچی چونکہ غیرملکی ہیں تو انہوں نے 2011 میں واشنگٹن ڈی سی میں درخواست دی تھی۔انھوں نے کہا کہ کیا کوئی ٹویٹ ریکارڈ پر ہے کہ میری موکلہ نے ٹویٹ کر کے بے نظیر بھٹو پر الزام لگایا اور کیا ثبوت ہے کہ ٹویٹ سنتھیا رچی نے کی، کیا کسی متعلقہ ادارے سے اس کی تصدیق کرائی گئی؟انھوں نے مزید کہا کہ کوئی خاتون ملک کے وزیراعظم کے خلاف کھڑی نہیں ہو سکتی اور ہر کوئی جانتا ہے کہ سنتھیا رچی بلاگر ہیں اور وہ گیارہ سال سے پاکستان میں مقیم ہیں۔اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پاکستان میں مقیم امریکی شہری اور بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد جہانگیر اعوان نے پیر کے روز محفوظ فیصلہ سنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close