شہر قائد میں 2 رہائشی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں، درجنوں افراد زخمی

کراچی (پی این آئی) شہر قائد میں 2رہائشی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں، درجنوں افراد زخمی، کراچی کے قدیم علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ میں مخدوش قرار دی گئی کثیر المنزلہ عمارت دوسری بلڈنگ پر گر گئی، ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہےجب کہ درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق لیاری کے گنجان آباد علاقے کھڈہ مارکیٹ میں واقع 6 منزلہ رہائشی عمارت دراڑیں پڑنے کے باعث ایک جانب جھک گئی جس پر مکینوں کو فوری طور پر عمارت سے نکلنے کی ہدایات دی گئیں۔ مکینوں سے خالی کرانے کے دوران عمارت ساتھ والی بلنڈنگ پر گر گئی، دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے ملبے تلے دبے متعدد افراد دب گئےجنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک ملبے سے ایک شخص کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جب کہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت صبح سے ہی ہل رہی تھی اور بعد میں ایک جانب جھک گئی، گرنے والی عمارت 25 سے 30 سال پرانی تھی، مخدوش عمارت سے کچھ لوگ بحفاظت نکل گئے تھے اور بعض افراد سامان نکال رہے تھے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ایک ماہ قبل بلڈنگ کو خطرناک قرار دیا تھا، ایس بی سی اے کی جانب سے مخدوش قرار دیے جانے کے باوجود لوگ رہائش پذیر تھے۔جائے حادثہ پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ تھانے کی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے لیاری کھڈہ مارکیٹ میں رہائشی عمارت گرنےکانوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایس بی سی اے سے رپورٹ طلب کرلی، گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو فوری امدادی کارروائیاں کرنے کےاحکامات جاری کرتے ہوئے عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close