گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر پاکستان سٹیل ملز کے تمام ملازمین کو بےروزگار کرنے کا فیصلہ

کراچی(پی این آئی)گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر پاکستان سٹیل ملز کے تمام ملازمین کو بےروزگار کرنے کا فیصلہ، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز کے 9350 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری دید ی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گولڈن ہینڈشیک دیئے جانےوالے ملازمین کو تمام واجبات

فوری ادا کئے جائیں گے۔حکومت نے فارغ کئے جانےوالے ملازمین کویکمشت ادائیگی کےلئے 20 ارب روپے کی منظوری دےدی ہے ۔ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونےوالے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے حوالے سے جاری ہونےوالے بیان کے مطابق اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں اور پاکستان سٹیل ملز کے دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی روشنی میں پاکستان سٹیل ملز کے ہیومن ریسورس رئیلائزیشن منصوبے کی مکمل اور حتمی منظوری دے دی گئی۔ فیصلے کے نتیجے میں حکومت سٹیل ملز کے 100 فیصد ملازمین کو فارغ کردےگی جن کی تعداد 9 ہزار 350 ہے ۔کل تعداد میں سے صرف 250 ملازمین کو اس منصوبے پر عملدرآمد اور ضروری کام کی انجام دہی کی خاطر 120 روز کےلئے برقرار رکھا جائے گا۔ دوسری جانب ای سی سی کے فیصلے کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری ملنے کے بعد تمام ملازمین کو برطرفی کے نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔ منصوبے کا مالیاتی اثر 19 ارب 65 کروڑ 70 لاکھ روپے کے برابر ہوگا جو گریجویٹی اور پراوڈنٹ فنڈز کی ادائیگی کےلئے یکمشت جاری کئے جائیں گے۔ سٹیل ملز ملازمین کو تنخواہوں کے ادائیگی کی مد میں منظور شدہ ضمنی گرانٹ سے ایک ماہ کی تنخواہ بھی ادا کی جائے گی اس طرح ہر فرد کو اوسطاً 23 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ اس وقت پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو خالص تنخواہوں کی مد میں ادا کی جانے والی رقم 35 کروڑ روپے کے برابر ہے جسے سٹیل ملز کے مالی اکائونٹس میں بطور قرض ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔ 2013 سے وفاقی حکومت تنخواہوں کی مد میں 34 ارب روپے جاری کر چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close