25جون سے حج آپریشن شروع کرنے کا امکان، عازمین کی تعداد 50فیصد کم اخراجات میں 25سے 40فیصد اضافہ متوقع

لاہور(پی این آئی)25جون سے حج آپریشن شروع کرنے کا امکان، عازمین کی تعداد 50فیصد کم اخراجات میں 25سے 40فیصد اضافہ، متوقع پاکستان میں رواں سال حج آپریشن کا آغاز آئندہ ماہ 25 جون کو متوقع ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کو سعودی عرب کی وزارت حج سے کوئی ہدایت نہیں ملی،کوٹے

میں50فیصدکمی کا امکان ہے، عازمین حج کی تعداد میں کمی کے ساتھ اخراجات میں 25 سے 40 فیصد اضافہ متوقع ہے۔وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ سات ہزار عازمین حج کی قراندازی کررکھی ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے رواں سال حج کے لئے مختص شدہ پاکستانی کوٹے میں پچاس فیصد سے زائد کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کا اطلاق عمر کی بنیاد پر ہوگا۔امکان ہے کہ تمام عازمین کیلئے کورونا ٹیسٹ کرانا لازم کردیا جائیگا۔ رواں سال 25 جولائی کو حج کی ادائیگی متوقع ہے لیکن سرکاری شعبے کے ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کے لئے کوئی واضح ہدایات سامنے نہیں آئی ہیں جس کی وجہ سے ابھی تک پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ مسئلہ بنی ہوئی ہے۔کورونا کی وجہ سے عازمین حج کی تعداد میں کمی کے ساتھ اخراجات میں اضافے کا امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں