کراچی (پی این آئی) کراچی ائر پورٹ کے قریب لاہور سے آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگئی۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ سول ایوی ایشن نے اس بات کی تصدیق
کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہےکہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز گر گیا۔ ذرائع کے مطابق حادثےکا شکار طیارےمیں 90 سے زائد مسافرسوار تھے جن میں 85 مسافر اکانومی کلاس میں، 6 بزنس کلاس جب کہ دیگر عملے کے ارکان تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے کپتان کا نام سجاد گل ہے جب کہ طیارے کے عملے میں عثمان اعظم ، فرید احمد، عبدالقیوم اشرف ، ملک عرفان رفیق اور مدیحہ ارم شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گرا ہے اور اس میں گرتے ہی ہولناک آگ لگ گئی، طیارہ گرنے سے علاقے میں کے الیکٹرک کی تاریں اور ٹیلی فون کی تاریں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ طیارہ گرنے سے قبل قریب موجود رہائشی عمارتوں کی چھتوں سے ٹکرایا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور گھروں کی چھتوں پر بھی آگ لگ گئی جب کہ طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے اور شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔ئی
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں