’ویلڈن پاکستان ‘امریکا نے کس کام پر پاکستان کی تعریف کی؟ ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کا پہلےانٹرویو میں انکشاف

راولپنڈی(پی این آئی )ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر جارحیت کررہی ہے، بھارت کی جنگ بندی خلاف ورزیوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، قوم کا دفاع ہر صورت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مغربی اور مشرقی سرحد پر فوج مستعد کھڑی ہے، بھارت جس طرح کے

اقدامات کررہا ہے اس کو دنیا دیکھ رہی ہے۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو پاکستان سے جوڑ رہا ہے، بھارت کی کوشش ہے کہ اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگائے، بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمان کے جو حالات ہیں اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر معصوم شہریوں کو شہید کرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں، بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگائے جارہے ہیں، لانچ پیڈ سے متعلق بھارتی بیانات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں، عالمی مبصرین کو دعوت دیتے ہیں آئیں دیکھیں کہاں ہیں لانچ پیڈز، لائن آف کنٹرول پر پوری اجازت دیتے ہیں عالمی مبصرین آئیں اور دورہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف اقلیتوں سے متعلق پروپیگنڈا کیا، کرتارپور اور پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک پوری دنیا نے سراہا ہے، امریکا نے اپنی رپورٹ ریلیز کی جس میں پاکستان کی تعریف کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت سے دنیا بخوبی آگاہ ہے، بھارت جس طرح کے اقدامات کررہا ہے اس کو دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت کا وطیرہ ہے جب بھی کسی مسئلے میں پھنسے الزام پاکستان پر لگاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں