اسلام آباد(پی این آئی)حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی جائے گی ۔وزیر اعظم عمران خان کا ویڈیو لنک پر ارکان پارلیمنٹ سے خطاب،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی.وزیراعظم کی زیرصدارت پی
ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرائے اعلی سمیت وفاقی وزراء ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال، حکومتی اقدامات اور مرض سے متعلق خدشات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے بارے میں پارٹی اراکین کو گائیڈ لائینز فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے حلقوں میں ٹائیگرفورس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی، ہر شعبے کے لئے حفاظتی اقدامات پر مبنی جامع ایس او پیز تیار کیے جا چکے ہیں، حکومت نے مشکل حالات کے باوجود مجموعی طور 1.25 کھرب روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا، ملک کے سوا ایک کروڑ مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے میرٹ پر فراہم کیے جا رہے ہیں، مزدوروں اور ورکرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھی ایک خصوصی پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندگان حکومت کی جانب سے ریلیف پیکیج سے مستحقین کو فائدہ یقینی بنائیں، زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کی، دس لاکھ رضاکاروں پرمشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو برؤے کار لانے کے لئے ٹی او آرز تیار کیے جا چکے ہیں، خدمت کے جذبے سے سرشار یہ ٹائیگرفورس عوام کو ریلیف کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کرے گی، ٹائیگرفورس عوامی مقامات پرحفاظتی اقدامات پرعمل درآمد میں معاونت کرے گی اوریوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ رکھے گی۔عوامی نمائندوں کے لیے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، موجودہ وقت سارے اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعداد میں کام کررہا ہے، موجودہ صورتحال میں ایک ٹیم بن کرکام کرنا ہوگا، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرقیمتوں پرنظررکھیں، ارکان اسمبلی کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کومتحرک کریں۔ حکومتی گائیڈلائنزپرعملدرآمد کروانے میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کریں۔ ارکان اسمبلی مساجد میں ایس اوپیزپرعملدرآمد کرانے میں بھی کردارادا کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا قابو میں ہے جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت نقصان ہوا، حکومت ہرطبقے کوریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں