اسلام آباد(پی این آئی)گذشتہ 24 گھنٹے میں 20 ہلاکتیں، پاکستان میں متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ گئی،ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد20ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ مزید 20 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہو گئے جس سے ہلاکتیں 457تک پہنچ گئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں
ابتک 2لاکھ 3ہزار25ٹیسٹ کیے جاچکے ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8716 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1062کے مثبت آئے ۔ متاثرہ افراد کی تعداد 20084 ہوگئی جبکہ 5114 متاثرین صحتیاب ہوچکے ۔پنجاب میں سب سے زیادہ7494، سندھ 7465، خیبر پختونخوا 3129، بلوچستان 1172، اسلام آباد 393، آزاد کشمیر 67 اور گلگت بلتستان میں 364 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔سندھ میں کورونا کے مزید363 مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 7465 اور 8 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد اموات کی تعداد 130 ہو گئی۔ پنجاب میں مزید6افراد لقمہ اجل بن گئے ،اموات کی تعداد121ہو گئی ۔پنجاب میں کورونا وائرس کے 638 نئے کیس سامنے آنے سے تعداد 7494 ہو گئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائیونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔عام شہریوں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 2476 کنفرم مریض ہیں۔صوبے میں ابتک92622 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔جناح ہسپتال میں جاں بحق 30 سالہ ند اکی پسرور کے مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سٹی ڈسکہ کے ایس ایچ اوسمیت 16اہلکاروں کے کوروناٹیسٹ مثبت آ گئے ،350اہلکاروں کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے ،100کے رزلٹ آئے ہیں۔کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تھانہ فتح شیرکے فرنٹ ڈیسک آپریٹر دانیال کو قیوم ہسپتال قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ میں جراثیم کش سپرے کر کے آمدو رفت پر عارضی پابندی لگا دی گئی ۔ اوکاڑہ میں سب انسپکٹر رب نواز کو کورونا وائرس کا مشتبہ مریض ہونے کے باعث آئیسولیٹ کردیا گیا ۔کورونا کا مشتبہ مریض جاوید جاں بحق ہوگیا جس کی دیپالپور قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ جاوید دمہ کا مریض تھا اس کے ٹیسٹ لاہور بھیج دئے گئے ہیں۔ تحصیل سمبڑیال کے علاقہ محلہ بوچڑخانہ میں مزید38 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ،مجموعی تعداد97 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ علاقو ں کو سیل کردیا گیا ۔ڈپٹی کمشنراسلام آبادکے مطابق سیکٹرآئی10میں کوروناکے مزید9کیس سامنے آگئے ۔ضلعی انتظامیہ نے مزید7گلیاں سیل کرنے کاحکم دیدیا۔ضلعی انتظامیہ نے کوروناکیسزکاسپاٹ میپ جاری کردیا۔کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارڈڈیزیزکے سابق ریڈیالوجسٹ ڈاکٹرفرقان بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔پی آئی اے کی آسٹریلیا سے لاہور کی پرواز پر تعینات پائلٹ اور 3فضائی میزبان بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ چاروں کوسی ایم ایچ لاہور منتقل کردیا گیا ۔ کورونا کا شکار فضائی میزبان وقار فاروقی ، صوفیہ شیخ اور احمد عماد ایک ہفتہ قبل خصوصی پرواز پر میلبورن سے لاہور آئے تھے ، پرواز پر تعینات فرسٹ آفیسر شکیل اکرم کوبھی سی ایم ایچ منتقل کر د یاگیا۔پنجاب کے 6 اضلاع میں کورونا کی سمارٹ ٹیسٹنگ شروع کردی گئی۔سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کئیر کیپٹن عثمان کے مطابق پنجاب کے 6 اضلاع میں کورونا کی سمارٹ ٹیسٹنگ شروع کردی گئی، صوبے میں کورونا ٹیسٹ کی 8 لیب فعال ہیں،مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں ٹیسٹ سیمپل لیے جانے کا عمل جاری ہے ، سمارٹ ٹیسٹنگ کے نتائج دیکھ کر مستقبل کے فیصلے کیے جائیں گے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد3,546,176جبکہ ہلاکتیں 247,352 ہو گئیں،1,149,350مریض صحتیاب ،50,051 کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں مزید2,689مریض چل بسے جبکہ 64,805نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ امریکہ میں ہلاکتیں 68ہزارسے بھی تجاوز کر گئیں۔روس میں 10ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے ۔ایرانی صدر حسن روحانی نے ملک میں مساجد کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔جرمنی کے صوبے زاکسن ان ہالٹ میں لاک ڈاون میں نرمی کر دی گئی ۔ سپین میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا۔دمام میں سعودی عرب کا دوسرا صنعتی شہر کورونا کی وجہ سے سیل کردیا گیا ۔تھائی لینڈ میں ریسٹورنٹس اور متعدد کارروبار بشمول مارکیٹوں، حجام کی دکانوں، اور کچھ کھیلوں کے مقامات کو کھولے جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ شراب کی خرید و فروخت پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہے تاہم شہری شراب نوشی صرف اپنے گھروں میں کر سکتے ہیں۔ ابو ظہبی میں شاپنگ مال محدود حد تک کھول دئیے گئے ۔شارجہ میں بھی تمام مالزکھول دئے گئے ۔ بلجیم نے بھی آ ج سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیواڈا،نیو ہیمپشائر،کیلی فورنیا سمیت مختلف ریاستوں میں شہریوں ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور گورنرز سے فوری پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے چین کو کورونا کی وبا میں شدت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا اسکے پاس اس آفت کو روکنے کا موقع تھالیکن اس نے معلومات چھپائیں اور گمراہ کرنے کی کوشش کی،کورونا کے ووہان کی لیب سے پھیلنے کے متعلق وافر شواہد موجود ہیں۔برطانوی حکومت نے کہا ہے وہ مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کریگی۔برطانوی ایوی ایشن ٹائیکون سائمن ڈولین نے لاک ڈاؤن کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں