کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، گولہ باری جاری، خاتون زخمی، سفارتی نمائندے کو طلب کر کے دفتر خارجہ کا بھر پور احتجاج

راولپنڈی ،اسلام آباد (پی این آئی ) کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ، گولہ باری جاری، خاتون زخمی، سفارتی نمائندے کو طلب کر کے دفتر خارجہ کا بھر پور احتجاج،بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر اور سنکھ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے خاتون زخمی ہوگئی،پاک فوج کی جانب

سے بھرپور جواب دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے دانستہ طور پر سیز فائر معاہدے کی خلا ف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر اور سنکھ سیکٹرمیں سول آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی جانب سے خود کار ہتھیاروں، راکٹس، بھاری مارٹرز اور آرٹلری کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے خواجہ بانڈی کی رہائشی خاتون شدید زخمی ہوئی،ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں جبکہ پاکستان نے بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہری کے شدید زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی قابض فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے ۔ رواں برس بھارت نے 940 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ،بے گناہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ، ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کی مسلسل بھارتی کوششوں کا مظہر اور خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں، کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانہیں سکتا۔ دریں اثنا ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان پر نام نہاد لانچنگ پیڈز اور دراندازی کی کوششوں کے بھارتی الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں، پاکستان نے اقوام متحدہ سے باضابطہ کہا ہے کہ لانچنگ پیڈز کے حوالے سے بھارت سے معلومات حاصل کرے ۔ یہ الزامات پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حصہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close