کورونا سے بے روزگار ہونے والوں کو 12 ہزار ملیں گے، وزیراعظم نے خوشخبری دے دی

اسلام آباد(پی این آئی)کورونا سے بے روزگار ہونے والوں کو 12 ہزار ملیں گے، وزیراعظم نے خوشخبری دے دی،وزیراعظم عمران خان نے چھوٹا کاروبار کرنےوالوں کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کردیا اور کہا کہ کورونا کے باعث بے روزگار ہونے ہونے والوں کی مالی مدد کی جائے گی، ویب سائٹ پر رجسٹرڈ بے روز

گار افراد کو 12 ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو خود کو ویب سائٹ پر رجسٹرکرانا ہوگا، ثابت کرنا ہوگا وہ کیا کام کرتے تھے اور کب سے بے روزگار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت برصغیر میں سب سےکم پیٹرول کی قیمت پاکستان میں ہے، قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جلد چھوٹے کاروبار والوں کیلئے پیکج کا اعلان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار والوں کے لیے کابینہ نے امدادی پیکج منظور کیا ہے، پیکج کےلیے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس سے 35 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ چھوٹےکاروبار اور صنعتیں دوبارہ کھلیں گی توان کے 3 ماہ کے بل حکومت ادا کرے گی،5 کلوواٹ کےکمرشل اور 70 کلوواٹ کےصنعتی کنکشنز مستفید ہوں گے، پچھلی کھپت کو دیکھ کر تین ماہ کی رقم اگلے بل میں جمع کرادی جائےگی۔اس کے علاوہ حماد اظہر نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے کورونا ریلیف فنڈ اور احساس پروگرام کے انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔جو شخص ایک لاکھ روپے ریلیف فنڈ میں دے گا اس کے ساتھ حکومت 4 لاکھ روپےاضافی جمع کرے گی اور یہ رقم کورونا سے بے روزگار افراد پر استعمال ہوگی۔حماد اظہر کا کہنا ہے کہ دیہاڑی دار مزدروں ،صنعتوں اور دکانوں میں کام کرنے والے افراد کو اس سے مالی امداد فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں احساس پروگرام کے اندر الگ پورٹل بنایا جائے گا جس میں بے روزگار لوگ اپنی رجسٹریشن کرسکیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ کرونا کب تک رہے گا اور ویکسن کب آئے گی، اگلے چھ ماہ یا ایک سال تک کورونا کے ساتھ رہنا ہے تو حکمت کے ساتھ چلنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام جتنا ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے ہم اتنا بہتر اس کامقابلہ کرسکیں گے،عوام خود سماجی فاصلہ رکھیں، ماسک پہنیں، احتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈنڈے کے زور پر اس کا مقابلہ نہیں کرسکتے، بڑے مشکل حالات میں قوم نے زیادہ تر ڈسپلن کا مظاہرہ کیا، بحیثیت قوم ہم سب مل کراس کا مقابلہ کرسکیں گے، کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو حکومت کے ساتھ چلنا پڑے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر میرا ٹیسٹ بھی مثبت آتا تو میری ذمہ داری تھی کہ لوگوں سے علحیدہ ہوجاتا، عوام کو کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیکس وصولی 35 فیصد نیچے چلی گئی ہے، حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے، احساس کیش پروگرام کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس کے ذریعے کم وقت میں زیادہ پیسہ مستحقین کو دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 3 ہفتے میں 81 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں