کورونا کے خلاف جنگ میں غریب اور کمزور طبقے ہماری ترجیح ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے واضح کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)کورونا کے خلاف جنگ میں غریب اور کمزور طبقے ہماری ترجیح ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے واضح کر دیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور معاشی عمل کی روانی میں توازن رکھنا ہے ، مساجد کے حوالے سے لائحہ عمل علمائے کرام کی مشاورت سے طے کیا گیااور اس پر

عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری علمائے کرام نے خود اپنے ذمہ لی،کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے سماجی فاصلے کو یقینی بنانا معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،کورونا سے نمٹنے کے دوران ہم نے ملک کے تمام تر طبقوں خصوصاً غریب اور کمزور طبقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر حکمت عملی تشکیل دینی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، عمر ایوب خان ، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے و دیگر سینئر افسران شریک تھے ۔معاون خصوصی صحت نے کورونا کی موجود صورتحال ، کیسز، شرح صحت یابی و شرح اموات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ حماد اظہر نے اجلاس کو تعمیرات کے شعبے میں طے شدہ لائحہ عمل کے مطابق دوسرے مرحلے میں سٹیل اور دیگر کھولی جانے والی صنعتوں کے بارے میں ، محنت کشوں اور مزدوروں کے لئے ترتیب دیے جانے والے 75 ارب روپے کے پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو ٹیسٹنگ کٹس ، حفاظتی سامان ، این -95ماسک، وینٹی لیٹرز و دیگر سامان کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اشرافیہ کی ضروریات اور مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دی جاتی تھیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں حالات اور عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ، وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قرنطینہ پالیسی پر عملدرآمد نہ کیے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گائیڈ لائنز پر عمل کی ہدایت کر دی ، وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پہلے ہی بہت سی پریشانیوں کا سامنا کر کے پاکستان پہنچے ہیں، ا نہیں قرنطینہ کے نام پر مزید پریشان نہ کیا جائے ،48 گھنٹے تک قرنطینہ میں رکھے جانے کی پالیسی ہر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان، ممبران اسمبلی پرنس محمد نواز الائی اور علی خان جدون سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام اور خصوصاً کمزور طبقوں کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں متحرک کردار ادا کریں ۔ دریں اثنا وزیر اعظم سے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ٹی سی ایل راشد خان نے ملاقات کی اور دس کروڑ روپے کا چیک کورونا فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close