پاکستان میں پہلا روزہ کب ہو گا؟ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا باقاعدہ اعلان

کراچی (پی این آئی)مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، ملک کے کسی حصے سے ماہ مبارک کی رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے تصدیق کر دی، پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر

صدارت رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندہ نے شرکت کی۔ جبکہ اجلاس کے دوران ملک کی تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ارکان بھی بذریعہ آن لائن شریک ہوئے۔ اس دوران ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے تصدیق کی کہ رمضان المبارک کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی حصے سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگی۔مفتی منیب الرحمان نے عوام سے درخواست کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ جبکہ لوگوں سے اپیل ہے کہ وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروائیں۔ اس سے قبل وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پہلے ہی اعلان کر چکی تھی کہ آج ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔جبکہ دوسری جانب متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے 8 ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا ہے۔ مصر، تیونس، لبنان، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور اور آسٹریلیا میں ماہ مقدس کے آغاز کا سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ان ممالک میں یکم رمضان المبارک کا آغاز 24 اپریل کل بروز جمعہ کو ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close