بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی شریف میں تراویح دس رکعت کی ہو گی، اعلان آ گیا

ریاض(پی این آئی)مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تراویح 10 رکعت پر مشتمل ہوگی۔ ویب نیوز سبق نے ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں مساجد میں نمازیوں پر پابندی جوں کی توں برقرار

رہےگی- قبل ازیں الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے رمضان المبارک سے متعلق 10 نکاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا-سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے مکہ مکرمہ گورنریٹس کے تعاون سے دونوں مقدس شہروں میں رمضان افطار راشن کی تقسیم کا افتتاح بھی کیا- یہ اس سال افطار دسترخوان کا متبادل ہوگا-یاد رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں افطار دسترخوان پر پابندی ہے- اس کے بجائے مستحق افراد میں رمضان راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں- دس نکاتی منصوبے کے تحت دنیا بھر میں مقدس مساجد کے محبین کودینی اورعلمی پیغامات پہنچائے جائیں گے- دینی وعظ اورعلمی لیکچر آن لائن پیش کیے جائیں گے-مسجد الحرام اور مسجد نبوی کا پیغام دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا- سیٹلائٹ چینل اورسماجی رابطہ وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا-

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close