کراچی (پی این آئی)سندھ حکومت نے عید شاپنگ کیلئے 15رمضان کے بعد لاک ڈاؤن مزید نرم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے پلان مرتب کرلیا ہے جس کے مطابق عید شاپنگ کیلئے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی ہوگی۔ عید شاپنگ کے لیے نرمی کرنے کا
معاملہ انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عمل درآمد سے مشروط ہوگا۔پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا تاہم اس پلان پر عمل درآمد وزیراعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔ مرتب کردہ پلان میں کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے۔ کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر کیٹیگری میں شامل شعبہ ہفتہ میں 2 روز کے لیے کھولا جائے گا۔پہلی کیٹیگری میں 4، دوسرے میں 4 اور تیسرے میں 5 شعبے شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولے جائیں گے، کریانہ، مرغی و گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ صرف دودھ، سبزی اور پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمر کے لحاظ سے مریضوں کا ڈیٹا جاری کردیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 10سال سے کم عمر کے مریضوں سے لے کر100 سال کی عمر کے مریض بھی کورونا سے متاثر ہیں،ان میں75 فیصد مرد اور25 فیصد خواتین شامل ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہ کر خود کو اور دوسروں کو محفوظ بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق عوام کو پیغام دیا کہ آج کل 227 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ 227 نئے کیسز میں 65 کراچی جنوبی، 31 وسطی، 28 شرقی، 23 کورنگی، 5غربی کے ہیں۔ خیرپورمیں 35، جیکب آباد اور ٹنڈو محمد خان میں آٹھ آٹھ، حیدرآباد میں7 کیسز ہیں۔ شہید بینظیرآباد میں 6، کشمور میں4، میرپورخاص، لاڑکانہ میں دو، دو، بدین میں1 کیس سامنے آیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں