اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز 20 ہزار سے تجاوز کر جانے کا خدشہ، کچھ روز قبل معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مشتبہ کیسز 14 ہزار سے زائد ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، 25 اپریل تک ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر جانے کا بھی خدشہ ۔
تفصیلات کے مطابق صحافی عمر قریشی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔کچھ روز قبل ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ ملک میں مشتبہ کرونا وائرس کیسز کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہے، تاہم اب اس تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جبکہ پاکستان میں مصدقہ کیسز بھی 2700 سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اب تک 41 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے۔جبکہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں 25 اپریل تک کرونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے، اس حوالے سے حکومت نے سپریم کورٹ میں خصوصی رپورٹ بھی جمع کروائی ہے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کو ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 125 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 60 ، سندھ 56، اسلام آباد 7 اور آزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں کیسز کی مجموعی تعداد 1072 ہوگئی ہے البتہ صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک 1069 کیسز کی تصدیق سامنے آسکی ہے۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 1069 کیسز کی تصدیق کی تھی۔صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔ سندھ میں ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 بتائی گئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے 47 نئے کیسز کے ساتھ 830 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔ ہفتہ کواسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے، نئے کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔صوبے خیبر پختون خوا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ بلوچستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں