وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک ہسپتال میں ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق، 20ڈاکٹرز کو قرنطینہ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کے ڈاکٹرز ہاسٹل کو سیل کر دیا گیا، ہسپتال کے ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہاسٹل میں قیام کرنے والے 20 ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قرنطینہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پولی کلینک کے ایک ڈاکٹر میں

کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے، جبکہ اس کی جانب سے حال ہی میں بیرون ملک سفر بھی نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق کے بعد پولی کلینک ہسپتال کا ڈاکٹرز ہاسٹل ہنگامی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ہاسٹل میں مقیم تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔جبکہ واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے 3 علاقے، یونین کونسل بھارہ کہو، شہزاد ٹاون، اور رمشا کالونی ایچ نائن کو خطرناک قرار دے کر سیل کیا جا چکا ہے۔ اس تمام صورتحال میں اسلام آباد کو لاک ڈاون بھی کیا جا چکا ہے، اور وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کی نقل و حرکت میں 90 فیصد تک کمی آئی ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے اب تک 10 اموات ہوئیں۔کرونا وائرس سے متاثرہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ اسی طرح کرونا وائرس سے متاثرہ 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید کیسز سامنے آئے۔ جس کے ساتھ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد 1298 ہوگئی۔ ان میں سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 440، پنجاب میں 448 ہے، خیبرپختونخوا میں کرونا مریضوں کی تعداد 147، اور بلوچستان میں تعداد 131 ہے۔گلگت بلتستان91، اسلام آباد میں 27 ، آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔ صوبہ پنجاب اب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکی صوبہ بن گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز کی کل تعداد 448 ہوگئی ہے۔ جبکہ پنجاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بھی 4 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close