حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سبسڈی کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی گئی ، جس کے تحت ادائیگیاں آج سے شروع ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت فیول سبسڈی اسکیم پر نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں آئی ٹی اور پیٹرولیم کے اعلیٰ حکام سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ایندھن پر رعایت دینے کے لیے خصوصی موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے اور اس کی ادائیگیاں آج ہی سے شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک اور صوبوں کے تعاون سے پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی کی ادائیگی کا عمل پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے جبکہ کسانوں کو بھی ایندھن میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے جلد اسکیم شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ سبسڈی کے نظام کو سادہ، شفاف اور عوام کے لیے آسان بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے اہل شہری بھی اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔
شہری موٹر سائیکل سبسڈی موبائل ایپ پر شناختی کارڈ درج کرکے اپنی اہلیت چیک کرسکتے ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں صرف 70 سی سی موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 70 سی سی سے زائد موٹر سائیکل اس اسکیم کے تحت اہل نہیں ہوں گے۔ اہل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






