فائیو جی انٹرنیٹ کا مکمل نفاذ کب ہوگا؟ وزارت آئی ٹی کا بڑا اعلان

وزارت آئی ٹی نے ملک میں 5G ٹیکنالوجی کے نفاذ سے متعلق جامع روڈ میپ پارلیمان میں پیش کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ 10 برسوں میں چار مراحل میں فائیو جی سروس متعارف کروائی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق 2035 تک ملک کے 40 شہروں میں 5G سروس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 2028 تک اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 5G سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں 2028 سے 2030 تک مزید 10 شہروں میں 5G کا دائرہ بڑھایا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں 2030 سے 2032 تک مزید 10 شہروں میں اس ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جائے گا۔ ان دونوں مراحل کے دوران ہر صوبے کے کم از کم دو شہروں کو شامل کیا جائے گا۔

چوتھے اور آخری مرحلے میں 2032 سے 2035 کے دوران مزید 15 شہروں میں 5G سروس فراہم کی جائے گی، جہاں بھی ہر صوبے سے کم از کم دو شہروں کو شامل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

روڈ میپ کے مطابق موبائل کمپنیوں کو ہر سال کم از کم ایک ہزار 4G اور 5G سائٹس قائم کرنا لازمی ہوگا تاکہ نیٹ ورک انفراسٹرکچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close