چین کی کمپنی Oukitel نے ایک منفرد اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جو حقیقی معنوں میں آگ جلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈبلیو پی 63 نامی یہ اسمارٹ فون ایک الیکٹرک لائٹر کی طرح کام کرتا ہے، جسے خاص طور پر کیمپنگ یا ہنگامی صورتحال میں ماچس نہ ہونے کی صورت میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس فون میں ایک الیکٹرک کوائل نصب ہے جو گرم ہو کر آگ جلانے میں مدد فراہم کرتا ہے، بالکل ایک لائٹر کی طرح۔ یہ کوائل ایک حفاظتی کور کے نیچے موجود ہوتا ہے اور ضرورت کے وقت ڈیوائس کے باہر آ جاتا ہے، جس کے بعد ایک ایپ کے ذریعے اسے آگ جلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آگ جلانے کی اس منفرد صلاحیت کے علاوہ یہ اسمارٹ فون دیگر کئی خاص فیچرز سے بھی لیس ہے۔ اس میں 20 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو کئی دنوں تک بغیر چارج کیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک بلٹ اِن یو ایس بی سی کیبل بھی موجود ہے جو دیگر ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے استعمال ہو سکتی ہے، جبکہ اس میں ایک لاؤڈ اسپیکر بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس اسمارٹ فون کی قیمت 500 ڈالرز رکھی گئی ہے اور اس کا ڈیزائن خاصا موٹا ہے۔ اس کی موٹائی 27 ملی میٹر ہے، جو عام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






