عید سے پہلے فائیو جی سروس شروع، صارفین کیلئے خوشخبری

عید الفطر سے قبل ملک میں موبائل صارفین کو فائیو جی سروس فراہم ہونے کا امکان ہے، کیونکہ ٹیلی کام آپریٹرز کو آئندہ ہفتے فائیو جی لائسنس جاری کیے جانے کی توقع ہے۔

فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لائسنس جاری کرنے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق فائیو جی لائسنس پہلے ہی تیار ہیں اور ٹیلی کام کمپنیاں عید سے قبل سروس لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پی ٹی اے نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ لائسنس کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔

لائسنس جاری ہونے سے قبل کمپنیوں کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانا ہوگی۔ ایک کمپنی نے بینک گارنٹی جمع کرا دی ہے جبکہ دو کمپنیوں کی جلد جمع ہونے کی توقع ہے۔ پی ٹی اے تینوں کمپنیوں کو بیک وقت لائسنس دینے پر بھی غور کر رہا ہے۔

پی ٹی اے عید الفطر سے قبل فائیو جی سروس کے آغاز کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور لائسنس اجراء کے لیے ہیڈ کوارٹر میں تقریب کے انعقاد کا امکان بھی زیر غور ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close