سائنس و ٹیکنالوجی: گوگل میپس میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ
گوگل نے اپنی مقبول نیویگیشن سروس گوگل میپس میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی کی جانب سے میپس میں “آسک میپس” نامی نیا بٹن شامل کیا گیا ہے جو جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اب جیمنائی چیٹ بوٹ کو براہ راست گوگل میپس کے اندر استعمال کر سکیں گے اور ٹائپ کرنے کے بجائے گفتگو کے ذریعے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔
یہ فیچر ڈرائیونگ یا پیدل سفر کے دوران راستوں سے متعلق سوالات کے جواب فراہم کرے گا اور صارف کو یہ بھی بتائے گا کہ کون سا راستہ زیادہ بہتر ہے۔
جب صارف “آسک میپس” بٹن پر کلک کرے گا تو اسے چیٹ بوٹ جیسا تجربہ حاصل ہوگا، جہاں وہ کسی بھی مقام کے بارے میں سوال پوچھ سکے گا۔
البتہ بہتر اور درست جواب کے لیے تفصیلی سوالات کرنا ضروری ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف پوچھے کہ اس کے فون کی بیٹری ختم ہونے والی ہے اور اسے کہاں چارج کیا جا سکتا ہے تو گوگل میپس قریبی لائبریری یا کسی مناسب مقام کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
جیمنائی صارفین کو تحریری کے ساتھ ساتھ آڈیو جوابات بھی فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ جیمنائی روزمرہ سفری راستوں کے بارے میں معلومات دے سکے گا یا صارف کی ضرورت کے مطابق خصوصی میپ آپشن بھی تیار کر سکے گا۔
“آسک میپس” فیچر میں جیمنائی صارف کی ماضی کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی سفارشات فراہم کرے گا۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کے ذریعے دنیا یا کسی مخصوص مقام کے بارے میں تازہ ترین معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی اور صارفین مختلف مقامات کے ریویوز بھی دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق “آسک میپس” فیچر فی الحال امریکا اور بھارت میں موبائل صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جبکہ دیگر ممالک میں اسے آئندہ چند مہینوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






