4 مارچ کو ایپل کا سرپرائز؟ سستا ترین نیا آئی فون کن اپ گریڈز کے ساتھ آرہا ہے!

Apple رواں سال اپنا سستا ترین نیا آئی فون 4 مارچ کو متعارف کرانے جا رہا ہے۔ کمپنی نے اس تاریخ کو ایک خصوصی ایونٹ کا اعلان تو کیا ہے، مگر ایونٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

ٹیک رپورٹس اور لیکس کے مطابق اس موقع پر آئی فون 16 ای کے جانشین کو ممکنہ طور پر آئی فون 17 ای کے نام سے پیش کیا جائے گا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ 2026 کا سب سے کم قیمت آئی فون ہوگا، جس کی ابتدائی قیمت تقریباً 599 ڈالرز ہوگی۔ ڈیزائن کے لحاظ سے نیا ماڈل گزشتہ سال کے آئی فون 16 ای سے کافی مماثلت رکھ سکتا ہے، تاہم چند نمایاں اپ گریڈز متوقع ہیں۔ سب سے بڑی تبدیلی فرنٹ کیمرے کے ڈیزائن میں ہو سکتی ہے، جہاں نوچ کے بجائے ڈائنامک آئی لینڈ یا پل (pill) ڈیزائن اپنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پرفارمنس کے حوالے سے آئی فون 17 ای میں نئے A19 پراسیسر کی شمولیت کا امکان ہے، جو اسے رفتار اور کارکردگی میں فلیگ شپ آئی فون 17 کے برابر لا سکتا ہے۔ چارجنگ کے شعبے میں بھی بہتری متوقع ہے۔ آئی فون 16 ای میں بنیادی وائرلیس چارجنگ دستیاب تھی، جبکہ نئے ماڈل میں MagSafe کی سپورٹ شامل کیے جانے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں، جس سے تیز رفتار میگنیٹک چارجنگ ممکن ہوگی۔

مزید یہ کہ ڈیوائس میں نیا C1 ایکشن موڈیم شامل ہو سکتا ہے، جو بہتر ڈیٹا اسپیڈ اور توانائی کی بچت فراہم کرے گا۔ وائی فائی اور بلیوٹوتھ کے لیے نئی N1 وائرلیس چپ بھی متوقع ہے۔ اگر یہ تمام لیکس درست ثابت ہوئیں تو آئی فون 17 ای کم قیمت میں جدید ڈیزائن اور طاقتور کارکردگی کا دلچسپ امتزاج ثابت ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close